کراچی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے نے تکنیکی بنیادوں پر ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں کارروائی کرتے ہوئے جے ڈی سی سربراہ ظفر عباس سے ماہانہ 14 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے والے تین بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے خلاف ضلع شرقی کے تھانہ ٹیپو سلطان میں 26 ستمبر کو مقدمہ درج ہوا تھا جس کی تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو دی گئی تھی، ایس آئی یو نے ملزمان یاور عباس ولد سید طاہر عباس، منظر ولد اصغر علی کاظمی، محسن واسطی ولد جعفر عباس کو گرفتار کرکے دو پستول، گولیاں، بھتہ طلبی میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور آلٹو کار برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے سرغنہ محمود اختر نقوی کے کہنے پر JDC کے بانی ظفر عباس سے 14 کروڑ روپے ماہانہ بھتہ مانگا تھا، ملزمان نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی محمود اختر نقوی شہر کے معروف بلڈرز اور تاجروں کو بلیک میل کرکے کروڑوں روپے بھتہ وصول کرچکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ سرغنہ کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری، قبضہ، جعلسازی کے مقدمات درج ہیں، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔