ِ
بلوچستان حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے "ایوی ایشن ونگ" کے قیام کے بعد اب فلائنگ اسکول کلب کے قیام کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے کوئٹہ میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صوبائی حکومت کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن ونگ بلوچستان، ڈائریکٹر آف اسٹڈیز ایوی ایشن اور سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل قائم کیا گیا ایوی ایشن ونگ اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے اور حکومت کے اس ویژنری منصوبے میں نمایاں پیش رفت سامنے آچکی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن ونگ بلوچستان کیپٹن علی آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی صوبے میں فلائنگ اسکول کلب کو فعال کردیا جائے گا۔ اس ادارے میں نوجوانوں کو مختلف اقسام کے جہاز اڑانے کی جدید تربیت دی جائے گی، جس سے انہیں ایوی ایشن کے مختلف شعبوں میں مواقع میسر آئیں گے۔
کیپٹن علی آزاد نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو نئی راہیں دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تین سالہ پروجیکٹ ہوگا جس میں ملک بھر سے طلبا داخلہ لے سکیں گے، تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی رعایت رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان کے نوجوان صرف ڈاکٹر یا انجینئر ہی نہیں بلکہ پائلٹ، ایوی ایشن انجینئر اور دیگر تکنیکی ماہرین بھی بن سکیں گے۔ یہ منصوبہ صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گا۔