وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

دورے کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے وزیرداخلہ کا استقبال کیا اور ان کا افسران سے تعارف کرایا۔

محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

میجر جنرل عابد مظہر نے فورس کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سکیورٹی امور سے متعلق وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیاں امن و امان کے قیام میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ ایک مایہ ناز فورس ہے، جس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر قوم کو فخر ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ ہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اس فورس کے افسران اور جوانوں نے شجاعت کی تاریخ رقم کی ہے جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے فرنٹیئر کور نارتھ کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور کہا کہ حکومت ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow