پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ یہ مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے تحت ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سیٹلائٹ کی لانچنگ کا عمل صرف 18 منٹ میں مکمل ہوا۔ لانچ کی خصوصی تقریب سپارکو ہیڈکوارٹر کراچی میں براہ راست دکھائی گئی۔اس موقع پر سپارکو کے ماہرین اور سائنسدان لانچ سینٹر میں موجود رہے اور ساری کارروائی کی مسلسل نگرانی کی۔
سپارکو کے مطابق یہ جدید سیٹلائٹ فصلوں کی پیداوار، شہری پھیلاؤ، انفراسٹرکچر کی ترقی، اور ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے موضوعات پر نظر رکھنے کے لیے استعمال ہوگا۔ ساتھ ہی سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی جیسے قدرتی خطرات کی بروقت پیشگوئی اور نگرانی میں بھی یہ سیٹلائٹ کلیدی کردار ادا کرے گا۔
یہ مشن نہ صرف قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کو ممکن بنائے گا بلکہ سی پیک جیسے اہم منصوبوں میں جغرافیائی خطرات کی شناخت اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے منصوبہ سازی میں بھی مدد فراہم کرے گا۔ مختلف ماحولیاتی حالات میں ڈیٹا حاصل کرنے کی اعلیٰ صلاحیت کے باعث اسے PRSS-1 اور EO-1 جیسے موجودہ مشنز کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔
یہ لانچنگ سپارکو کے ویژن 2047 اور پاکستان کی قومی خلائی پالیسی کا اہم جزو ہے۔ اس وقت بھی پاکستان کے پانچ سیٹلائٹ خلا میں کامیابی سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں۔