جامعہ پشاور میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا، جیک کا غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان

image

جامعہ پشاور میں اساتذہ، افسران اور دیگر ملازمین کی نمائندہ تنظیم "جائنٹ ایکشن کمیٹی" (جیک) نے شدید مالی بحران اور واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی پر 4 اگست سے غیر معینہ مدت کی مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ہڑتال کے دوران جامعہ کی تمام تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور امتحانی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

یہ فیصلہ یکم اگست کو جیک کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس میں جامعہ کے حاضر سروس ملازمین اور پنشنرز کو درپیش سنگین مالی مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ملازمین کو بروقت تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی نے ادارے کے اندر بے چینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔ جیک کے مطابق متعدد بار یاد دہانیوں کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے نہ تو کوئی سنجیدہ اقدامات کیے اور نہ ہی کوئی قابلِ عمل حکمتِ عملی پیش کی۔

جیک نے اپنے اعلامیے میں اپنے چار اہم مطالبات کی فوری اور غیر مشروط تکمیل پر زور دیا ہے: پہلا مطالبہ جولائی 2025 کی مکمل تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی ہے، جس میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس (ARA) اور 30 فیصد ڈسپیئرٹی ریڈکشن الاؤنس (DRA) شامل ہیں۔ دوسرا مطالبہ جون 2025 کی بقایا 50 فیصد تنخواہ اور پنشن (گریڈ 17 تا 22) کی فوری ادائیگی ہے۔ تیسرا مطالبہ مالی سال 2023-24 کی چار ماہ اور 2024-25 کی ایک ماہ کی تنخواہوں کے بقایاجات کی ادائیگی ہے۔ چوتھا مطالبہ یونیورسٹی کالج فار بوائز میں FA/FSc کے داخلوں کے لیے فوری شیڈول جاری کرنا ہے تاکہ تعلیمی تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

جیک نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات کی تکمیل تک مکمل ہڑتال جاری رہے گی، اور اگر اس دوران کسی بھی قسم کا تعلیمی، مالی یا انتظامی نقصان ہوتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری یونیورسٹی انتظامیہ پر عائد ہو گی، جس نے تمام تر صورتحال کے باوجود مسلسل خاموشی اور عدم سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

ہڑتال دو مراحل میں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں، جو پیر 4 اگست سے بدھ 6 اگست تک جاری رہے گا، جامعہ کے مین ایڈمنسٹریشن بلاک کے تمام دفاتر بند رہیں گے اور تمام انتظامی امور معطل ہوں گے۔ جیک کی کابینہ اور دیگر ملازمین وائس چانسلر، رجسٹرار اور ٹریژرار کے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔

دوسرے مرحلے کا آغاز جمعرات 7 اگست 2025 سے ہوگا، جس کے بعد جامعہ کا کنٹرولر امتحانات دفتر سمیت تمام تعلیمی و انتظامی شعبہ جات مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔ اس کے نتیجے میں امتحانات اور کلاسز سمیت تمام سرگرمیاں مکمل طور پر رُک جائیں گی۔

جیک نے واضح کیا ہے کہ احتجاجی سرگرمیاں مکمل طور پر پُرامن ہوں گی اور ان کی تفصیلات جلد الگ سے جاری کی جائیں گی۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جامعہ کی مجموعی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کو فوری طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے، بصورت دیگر اس ادارہ جاتی بحران میں مزید شدت آ سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow