پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا فیصلہ کن میچ 13 رنز سے جیت کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ تیسرے اور آخری ٹی 20 میں شاندار بلے بازی اور متوازن باؤلنگ کے باعث قومی ٹیم نے میدان مار لیا۔
میچ کا آغاز پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے سے کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اس شاندار اننگز کی بنیاد اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی سنچری شراکت نے رکھی۔
صائم ایوب نے 66 اور فرحان نے 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 176 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار کارکردگی پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 53 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں جارحانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ رنز ٹیم کے کام آئیں اور صائم ایوب کے ساتھ بیٹنگ میں مزہ آتا ہے۔
پوری سیریز میں آل راؤنڈ شاندار کارکردگی دکھانے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم تیسرے میچ میں پاکستان کی فتح نے سیریز قومی ٹیم کے نام کر دی۔