کراچی کے تاجروں کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی قیادت میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں حالیہ بارش کے نتیجے میں تاجروں کو پہنچنے والے نقصانات کے سلسلے میں بات چیت کی گئی۔
گورنر نے تاجروں کو بتایا کہ کراچی کے نقصانات کے ازالے کے لیے وہ اور ان کی جماعت وفاقی سطح پر بھرپور کوشش کر رہی ہے جس کے لیے تاجروں سے نقصانات کے سلسلے میں تفصیلات مطلوب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر حکومت سے مسلسل رابطے میں رہیں اور اپنے مسائل کے سلسلے میں مکمل آگاہی اور تجاویز فراہم کریں تاکہ کراچی کے بلدیاتی مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے اور شہر کو ناگہانی آفات سے محفوظ رکھنے کی مؤثر تدابیر و اقدامات کیے جاسکیں۔
انھوں نے تاجروں کو مشورہ دیا کہ اپنی تجاویز اور شکایات تحریری طور پر حکام کو بھجوائیں اور اس بات کی امید رکھیں کہ حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مخلص ہے۔
اس موقع پر کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی میں گزشتہ کئی سال سے پانی کا چھینٹا پڑتے ہی سڑکیں، گلیاں، بازار تالاب بن جاتے ہیں۔ دکانوں میں پانی بھرنے، مال کا اتلاف اور کاروباری سرگرمیاں بند ہونے سے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حالیہ چند گھنٹوں کی بارش اور بلدیاتی غفلت کے نتیجے میں بہت سے کاروبار اور سرمایہ ڈوب گیا، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشی حب کراچی کو ناگہانی آفتوں سے بچانے کے لیے تمام ذمہ دار قوتیں باہمی طور پر کراچی کے کاروباری ماحول اور شہر کی بلدیاتی حالت کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہوجائیں تاکہ کراچی جیسے تجارتی شہر سے تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی بڑھتی ہوئی مایوسی اور نقصانات کی روک تھام ہوسکے، کراچی شہر کو ایک مرتبہ پھر ترقی کے سفر پر گامزن کیا جا سکے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ تمام ذمے دار سیاسی جماعتیں باہمی اختلافات بھول کر شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک پیج پر آجائیں۔
اجلاس میں شریک تاجر نمائندگان اکرم رانا، میاں طارق، عالم شیخ، شاکر فینسی، عمران خان، حسین قریشی، عمران مستقیم، احسان گجر، سلام قادری ودیگر نے شہر کے حق میں گورنر کے خیالات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ شہر کی کاروباری حیثیت کو بحال کرنے اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری گورنر اور حکومت کے ہر مثبت اقدام کا خیرمقدم کرے گی جس کے لیے مشاورت تجاویز اور مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر رابطے اور شانہ بشانہ حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔