یومِ استحصال کشمیر: پاک فوج کا کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

image

بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے غیر قانونی اقدام کو آج چھ سال مکمل ہو گئے ہیں، جس کے خلاف پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ استحصال منا رہے ہیں۔

یومِ استحصال کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئرچیفس نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان کشمیری عوام کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضہ، کرفیو، محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت، اشتعال انگیز بیانات اور جنگجویانہ رویہ خطے کے امن و استحکام کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تب تک ممکن نہیں جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اور کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کو دہراتی ہیں۔

ملک بھر میں آج کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں، سیمینارز، اور خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US