خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری

image

خیبر پختونخوا میں جاری اور متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اور گلیشیائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر میں رہنے والے افراد کو ممکنہ گلیشیئرز کے پھٹنے سے متعلق ہوشیار رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادارے کے مطابق وقفے وقفے سے تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں کی نگرانی بڑھانے، بروقت وارننگ جاری کرنے اور انخلاء کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نےہدایات دی ہیں کہ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے،شہری گاڑیوں کو تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے اجتناب کریں اور سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات تیار کر لیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو سروسز اور ہنگامی سامان الرٹ رکھا گیا ہے۔

مزید برآں سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے عام عوام کے لیے آگاہی مہم شروع کر دی ہے جس کا مقصد ممکنہ نقصانات سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US