انتخابی دھاندلی کی شکایت: اینٹی کرپشن نے کامران بنگش کو طلب کرلیا

image

محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے عام انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق شکایات پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کامران بنگش نے شکایت کی تھی کہ حلقہ پی کے-82 پشاور میں ریٹرننگ آفیسر اویس خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر آفاق وزیر اور دیگر پولنگ عملے نے مبینہ طور پر فارم 45 اور 48 میں جعل سازی کرتے ہوئے انتخابی نتائج میں دھاندلی کی۔

شکایت میں بدعنوانی، رشوت خوری اور غیر قانونی فوائد حاصل کرنے جیسے سنگین الزامات بھی شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کامران بنگش کو 11 اگست کو تمام متعلقہ شواہد اور دستاویزات کے ساتھ اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز پشاور میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر فراہم کردہ شواہد قابلِ اعتبار ثابت ہوتے ہیں تو ملوث سرکاری افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزرا کامران بنگش اور تیمور جھگڑا نے حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شکایات اینٹی کرپشن حکام کو جمع کرائی تھیں جس پر اب باقاعدہ تحقیقات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US