پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، سیلابی صورتحال

image

پنجاب میں دریاؤں کے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث قریبی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 30 ہزار کیوسک، کالاباغ پر 4 لاکھ 32 ہزار کیوسک، چشمہ پر 4 لاکھ 80 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ کے مقام پر 4 لاکھ 54 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 65 ہزار اور 69 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے اور پانی کا بہاؤ 54 ہزار کیوسک ہے۔

اسی طرح نالہ پلکھو میں درمیانے درجے جبکہ نالہ ایک بئیں اور بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کنارے میں رہنے والے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US