جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈیفنس کے علاقے میں بیٹے اور بیٹی کو قتل کرنے والی ملزمہ ادیبہ غفران کو 19 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے ڈیفنس کے علاقے میں بیٹے اور بیٹی کو گلے کاٹ کرقتل کرنے والی ملزمہ ادیبہ غفران کو پیش کیاگیا۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار ملزمہ سے مزید تفتیش کرنی ہے، ملزمہ سے قتل کی وجوہات معلوم کرنی ہیں، ملزمہ سے آلہ قتل چھری سے متعلق بھی معلومات حاصل کرنی ہیں، آلہ قتل اور دیگر اشیاء کا ڈی این اے کرانا ہے۔
عدالت نے ملزمہ ادیبہ غفران کو 19 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ ملزمہ ادیبہ غفران نے 15 اگست کو اپنے 8 سالہ بیٹے ضرار اور 4 سالہ بیٹی سمعیہ کو قتل کردیا تھا، ملزمہ کے خلاف سابق شوہر غفران نے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔