فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خودمختاری کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون کو فروغ دیں گے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشکل حالات میں چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے کے عزم کو دہرایا۔