افغان باشندوں کی واپسی کی ڈیڈلائن میں صرف 6 دن باقی رہ گئے۔حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں مقیم تمام افغان شہریوں کو یکم ستمبر 2025 تک وطن واپس جانا ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت نہ صرف غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے بلکہ پی او آر اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد بھی اس عمل کے پابند ہوں گے۔
یہ اقدام ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے اور قانونی طور پر مقیم افراد کی موثر رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکومت نے افغان شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انخلا کا عمل باعزت، محفوظ اور منظم انداز میں مکمل کیا جائے گا اور اس دوران کسی بھی قسم کی زبردستی یا بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔
واپسی کے مرحلے کو آسان بنانے کے لیے افغان مہاجرین کو خوراک، طبی امداد اور بنیادی سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔حکام نے افغان باشندوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اندر واپسی کے انتظامات کر لیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔