سیالکوٹ میں بارش کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 363 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

image

سیالکوٹ میں بارش کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 363 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث رنگ پورہ، شہاب پورہ، دارا آرائیاں، علامہ اقبال چوک اور پریم نگر سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق سیالکوٹ میں بارش کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اس سے قبل 06 اگست 1976 میں 339.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ 77 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے وجہ سے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ متاثرہ دیہات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

دریائے چناب میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح 3 لاکھ 65 ہزار تک جا پہنچی ہے جبکہ دریائے راوی میں کوٹ نیناں پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک اور جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 42 ہزار 20 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائے راوی میں اس وقت اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے اور کرتارپور سمیت مختلف علاقوں سے اب تک 257 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US