11 لاکھ کیوسک کا ریلا آنے کی اطلاع ہے، سپر فلڈ کی تیاری کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 11 لاکھ کیوسک کا ریلا آنے کی پیشگوئی کی وجہ سے ہمیں سپر فلڈ کی تیاری کرنی ہے۔

کشمور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی طریقے سے انسانی جانوں اور لائیو اسٹاک کی حفاظت کریں، پانی 9 لاکھ آئے یا 10 لاکھ اس میں کچے کا علاقہ تو ڈوب جائے گا، ہم نے تمام معلومات ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو فراہم کر دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر تیاری کریں، ہم آرمی سے رابطے میں ہیں، آرمی کی ٹیم بھی اسٹینڈ بائی ہے، ہماری پہلے کوشش ہوگی کہ انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو، 192 کشتیاں این ڈی ایم اے کی ہیں جو لوگوں کے انخلا میں مدد کریں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ہمیں کوشش کرنی ہے بند کہیں سے ٹوٹے نہیں، اگر 8 یا 9 لاکھ کیوسک پانی آتا ہے تو شاید شینک بند نہ بچ سکے، ہماری کوشش ہوگی کہ شینک بند کو بچائیں، انسانی جانوں اور لائیو اسٹاک کو بچانے کا طریقہ نقل مکانی ہے۔ لوگوں سے کہوں گا جب ایسا وقت آئے تو انتظامیہ سے تعاون کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کی جانیں اور مال مویشی، بیراج اور بندوں کو بچانا ہے، اگر ہم یہ سب کرنے میں کامیاب ہوگئے تو سپر فلڈ کا سامنا کرلیں گے، ہمیں امید ہے 48 گھنٹوں میں پانی اترجائے گا، پانی اترنے کے بعد لوگوں کو جلد سے جلد ان کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی،کچے میں جن کے گھروں کا نقصان ہوگا، چیئرمین بلاول کی ہدایت پر ویسے ہی گھر بناکر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر فصلوں کو نقصان ہوتا ہے تو اسے حکومت دیکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US