اسلام آباد کے نواحی علاقے مارگلہ ہلز کے مقام تلہار گاؤں میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال نے مقامی آبادی کو شدید متاثر کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے گاؤں کے متعدد گھروں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق کھنہ پل کا رہائشی ایک نوجوان نہاتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا جو تاحال لاپتہ ہے۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں نوجوان کی تلاش کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، تاہم تیز بہاؤ کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات اور انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ علاقے میں مزید سیلابی ریلے آنے کے امکانات ہیں جس کے نتیجے میں مزید نقصانات ہوسکتے ہیں۔ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔