نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے عوام کے پُرتشدد مظاہروں اور بڑھتے سیاسی بحران کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ نے ان کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی اور کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک شدت اختیار کر گئی تھی جس کے دوران کرفیو کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ جھڑپوں میں 20 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں کے دفاتر سمیت کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔
بعد ازاں صورتحال مزید بگڑنے پر کھٹمنڈو ایئرپورٹ جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ کئی وزرا پہلے ہی استعفیٰ دے چکے تھے جس کے بعد وزیراعظم اولی نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔