محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ پر اثر انداز مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آج کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش برس سکتی ہے۔ شہر میں 4 سے 6 اسپیلز میں موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے کہ ستمبر کے مہینے میں بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپریشن داخل ہو رہا ہے اس نظام کا راستہ بھی پیچیدہ ہے جس کی وجہ سے بارش کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز بھی کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ ملیر ندی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری اور کمشنر کراچی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہے۔ ترجمان کمشنر کراچی کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اپنی ٹیموں کے ساتھ الرٹ ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بجلی کے کھمبوں اور کھلے تاروں سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو اداروں سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔