پی ٹی اے نے فکسڈ سیٹلائٹ سروسز لائسنس 2025 کا ڈرافٹ حتمی شکل دے دی

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد فکسڈ سیٹلائٹ سروسز (FSS) لائسنس 2025 کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ لائسنس کی مدت 15 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ابتدائی فیس 5 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ نیٹ ورک رول آؤٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر کی بینک گارنٹی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق لائسنس ہولڈرز اگر فیس یا واجبات کی ادائیگی میں ناکام رہیں یا قوانین اور شرائط کی خلاف ورزی کریں تو ان کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

قومی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی بیرونی سیٹلائٹ سے کنکشن پاکستان اسپیس اینڈ ریسرچ بورڈ (PSARB) کی رجسٹریشن کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔ لائسنس ہولڈرز کو 18 ماہ کے اندر گیٹ وے ارتھ اسٹیشن قائم کرنا لازمی ہوگا، جس کا مکمل کنٹرول صرف پاکستان کے اندر رہے گا۔

اس کے علاوہ، بیرون ملک ڈیٹا کی منتقلی پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ پاکستانی صارفین کے مفادات کے تحفظ کو کمپنی کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔

پی ٹی اے اور حکومت کو قومی سلامتی یا ایمرجنسی کی صورت میں کسی بھی وقت ہدایات جاری کرکے سروس معطل یا بند کرانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اسی طرح ویب سائٹس اور آن لائن مواد کی بلاکنگ بھی پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔

ڈیٹا پرائیویسی کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پی ٹی اے کو لائسنس ہولڈر کی کسی بھی وقت جانچ پڑتال کا اختیار حاصل ہوگا۔ کمپنیوں کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری رسائی فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔

فریکوئنسی میں مداخلت روکنے اور غیر قانونی انٹرنیٹ یا کال سروسز کی فراہمی پر مکمل پابندی عائد ہوگی، بصورت دیگر پی ٹی اے کو لائسنس منسوخ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US