راولپنڈی: گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے، غزہ میں قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرے

image

مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی اور جے یو آئی کے زیراہتمام غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو حملے کا نشانہ بنائے جانے پر اسرائیل کے خلاف مظاہرے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جبکہ بڑی تعداد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے اور غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

اس موقع پر انجینئر مبین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم انسانیت کے خلاف بدترین جرائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ نہ صرف راولپنڈی بلکہ پورے ملک میں احتجاجی دائرہ کار کو بڑھائے گی اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک غزہ کے مسلمان آزاد نہیں ہو جاتے۔

مقررین نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی کھلی جارحیت اور نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

جمعیت علمائے اسلام کے تحت بھی امدادی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت جے یو آئی کے رہنماؤں قاری ضیاء الرحمٰن اور سعیدالرحمٰن سرور نے کی۔ اس موقع پر مختلف مدارس کے علماء کرام اور طلباء کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی جنہوں نے اسرائیلی جارحیت اور قافلے کے پرامن شرکاء کو حراست میں لینے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مقررین نے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی معاہدہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرضی کے بغیر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ قاری ضیاء الرحمٰن نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کو نظرانداز کر کے کیا جانے والا کوئی معاہدہ عالمی برادری کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

قاری سعید الرحمٰن سرور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو شامل کیے بغیر امن معاہدہ مسلط کرنا یا خود کو انتظامی بورڈ کا سربراہ قرار دینا کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے اور فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US