جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے حملے کو پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں داخل ہونے والے چار دہشت گرد اور ایک خودکش حملہ آور کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ کالج میں موجود 650 طلبہ و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افغان خوارج نےکالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی تھی جس سے گیٹ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جامع اور حکمت عملی سے بھرپور آپریشن کرتے ہوئے کالج کے اندر موجود دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
کالج میں موجود 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد کی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے آپریشن انتہائی احتیاط اور پیشہ ورانہ مہارت سے انجام دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج افغانستان سے ہدایات لے رہے تھے اور کالج کی رہائش گاہوں سے دور ایک عمارت میں چھپے ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا اور کالج کے ملحقہ علاقوں میں بھی تلاش اور صفائی کا عمل جاری ہے۔
یہ کامیاب کارروائی پاک فوج کی حرفہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانی کی ایک اور مثال ثابت ہوئی ہے۔