قربانی دیکھ کر بیٹا سارا دن رویا.. فیصل قریشی ننھے سے بچے کو زندگی کا کون سا اہم سبق دینا چاہتے ہیں؟

image

"میں اگلے سال بھی فرمان کے سامنے قربانی کروں گا کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا سیکھے کہ زندگی پھولوں کا بستر نہیں ہے۔ جس چیز سے محبت ہو، کبھی کبھی اسے کھونا بھی پڑتا ہے۔ یہ سبق مجھے بھی یاد رکھنا ہے کہ ہم سب اللہ کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سپر اسٹار فیصل قریشی اپنی شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ دار اور محبت کرنے والے والد کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ تین بچوں کے والد فیصل قریشی خاص طور پر اپنے سب سے چھوٹے بیٹے فرمان قریشی سے بے پناہ انسیت رکھتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ زارا نور عباس کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ ایک جذباتی واقعہ سنایا۔ اس سال انہوں نے قربانی فرمان کے سامنے کی، اور اس دوران ننھے فرمان کا جانور سے لگاؤ دیکھنے لائق تھا۔ وہ جانور سے کھیلتا، اسے پیار کرتا اور اس کے ساتھ وقت گزارتا رہا۔ لیکن جیسے ہی قربانی ہوئی تو فرمان کی دنیا جیسے اجڑ گئی۔ وہ غم سے نڈھال ہوگیا اور سارا دن روتا رہا۔

فیصل قریشی نے بتایا کہ اگرچہ یہ لمحہ ان کے بیٹے کے لیے تکلیف دہ تھا لیکن وہ اگلے سال بھی قربانی اس کے سامنے کریں گے تاکہ فرمان یہ سبق سیکھ سکے کہ زندگی ہمیشہ آسان اور خوشیوں سے بھری نہیں ہوتی۔ کبھی کبھی انسان کو وہ چیزیں کھونی پڑتی ہیں جن سے وہ دل سے جڑا ہوتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد یہی ہے کہ ہمیں یاد رہے کہ ہم سب کچھ اللہ کے سپرد ہے اور ہر شے اسی کی امانت ہے۔ یہ سبق بچوں کو بھی دینا ضروری ہے تاکہ وہ مضبوط اور حقیقت پسند بن سکیں۔

فیصل قریشی کی یہ بات مداحوں کو نہ صرف متاثر کر گئی بلکہ سوشل میڈیا پر والدین کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس سوچ کو سراہا کہ بچوں کو زندگی کی حقیقتوں سے روشناس کرانا ان کی تربیت کا اہم حصہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US