بیٹی مر رہی تھی اور لوگ ویڈیو بنا رہے تھے۔۔ محسن گیلانی موت سے پہلے بیٹی کے آخری الفاظ دہراتے ہوئے جذباتی ہوگئے ! ویڈیو

image

"میری بیٹی مر رہی تھی اور لوگ ویڈیو بنا رہے تھے۔ میں کچھ نہیں کر سکا، وہ میرے سامنے، میرے ہاتھوں میں دم توڑ گئی۔ اس کے آخری الفاظ اب بھی کانوں میں گونجتے ہیں کہ بابا میں مر رہی ہوں، میرے پیروں سے جان نکل رہی ہے۔ ایک باپ ایسے لمحے میں کیا کرے؟"

پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار اور مصنف محسن گیلانی نے ایک پروگرام میں اپنی بیٹی کے انتقال کا دکھ بھرا واقعہ سناتے ہوئے سامعین کو خاموش کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی غفلت ہو یا بدقسمتی، لیکن ان کی بیٹی کا جان لیوا لمحہ ان کے سامنے پیش آیا۔

محسن گیلانی نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیف دہ پہلو یہ تھا کہ جب ان کی بیٹی زندگی اور موت کی کشمکش میں تھی تو لوگ مدد کرنے کے بجائے موبائل کیمرے نکال کر ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے۔ وہ منظر ان کے دل پر نقش ہو گیا، لیکن اس وقت وہ کچھ کہنے کی ہمت بھی نہ کرسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بیٹی کے انتقال کے بعد وہ تقریباً بیس دن ملتان میں رہے۔ پھر شوٹنگ پر واپس آئے تو حالات مزید کٹھن ہوگئے، کیونکہ ڈرامے میں انہیں بیٹی کی شادی کا منظر عکسبند کروانا تھا۔ سیٹ پر ڈھولک بج رہی تھی، بیٹی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ دلہن بنی بیٹھی تھی، اور انہیں رخصتی کے مکالمے ادا کرنے تھے۔ محسن گیلانی نے کہا کہ اس وقت ان کے لیے جملے ادا کرنا انتہائی مشکل تھا، زبان لرز رہی تھی لیکن پیشہ ورانہ ذمہ داری کے باعث سب کچھ برداشت کرنا پڑا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US