"میں نے عمران کو اس لیے اپنی ماڈلنگ کی تصویریں بھیجیں تاکہ وہ رشتہ نہ لائیں، کیونکہ مجھے لگتا تھا اس عمر میں شادی کرنا مشکل ہے اور میں بیرونِ ملک رہنے والے شخص سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، لیکن وہ پھر بھی لاہور سے کراچی رشتہ لے کر آگئے۔"
ماضی کی معروف اداکارہ جیا علی نے حال ہی میں اپنے نکاح سے جڑی یادیں تازہ کرتے ہوئے ایک منفرد واقعہ بیان کیا، جس نے مداحوں کو حیران کردیا۔ پروگرام ’سنو تو سہی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی اور عمران ادریس کی پہچان چھ سال پرانی ہے۔ عمران، جو ہانگ کانگ میں کرکٹ کوچ رہے اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے تقریبات کا انعقاد کرتے رہے، ان سے پہلی بار ایک پروگرام کے سلسلے میں رابطہ ہوا۔ اگرچہ تقریب نہ ہوسکی مگر یہ ملاقات ایک دوستی کی شکل اختیار کر گئی۔
اداکارہ کے مطابق عمران کا پہلا فیس بک پیغام ہی انہیں بھا گیا تھا، جو وطن سے محبت جھلکاتا تھا۔ اس جذبے نے جیا علی کو اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے اپنا ذاتی نمبر بھی دے دیا۔ اگلے کئی برسوں تک دونوں میں زیادہ بات چیت نہیں رہی، صرف کبھی کبھار رابطہ ہوتا جب وہ ہانگ کانگ جانے کی خواہش کا اظہار کرتیں۔
وقت گزرتا گیا اور برسوں بعد ایک برانڈ کے سلسلے میں ضرورت پیش آنے پر وہ دوبارہ عمران سے جڑ گئیں۔ اتفاق سے انہی دنوں عمران پر گھر والوں کی جانب سے شادی کے دباؤ میں اضافہ ہوا اور اسی دوران انہوں نے جیا علی کو براہِ راست پروپوز کر ڈالا۔ اداکارہ کے بقول اگلے ہی دن عمران لاہور سے کراچی پہنچ گئے تاکہ رشتہ لے سکیں۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ جیا علی نے انہیں روکنے کے لیے اپنی ماڈلنگ کی پرانی تصویریں بھیجیں، مگر عمران کے فیصلے پر کوئی فرق نہ پڑا۔ جیا علی نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ رشتہ لانے سے قبل عمران نے اچانک انہیں بہن کہنا بھی چھوڑ دیا تھا، جس سے انہیں اندازہ ہوگیا کہ کہانی اب کسی اور رخ پر جانے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ایک محنتی، سادہ اور مڈل کلاس پس منظر رکھنے والے شریکِ حیات کی خواہش تھی اور خوش قسمتی سے عمران میں وہ سب خوبیاں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ جیا علی نے 2021 میں 48 برس کی عمر میں پاکستانی نژاد ہانگ کانگ کے صنعت کار اور کرکٹ کوچ عمران ادریس کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا۔