وائلڈ لائف کے تحفظ کے منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات میں ملوث رینا سعید کو ایف آئی اے نے بالآخر قانون کے دائرے میں لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی طویل انکوائری کے بعد رینا سعید کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں کروڑوں روپے کی مبینہ خوردبرد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ رینا سعید نے وائلڈ لائف کے منصوبوں کے لیے غیر ملکی این جی اوز سے حاصل فنڈز کو اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیا۔ اور فنڈز میں خردبرد کے ذریعے مملکت کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رینا سعید نے چھ ماہ تک عدالت سے اسٹے آرڈر حاصل کر کے کیس کو دبانے کی کوشش کی تاہم شواہد سامنے آنے پر ایف آئی اے نے کارروائی شروع کر دی۔
ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مالی بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مزید پہلوؤں کی جانچ پڑتال جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ غیر ملکی این جی اوز سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ فنڈز کی منتقلی اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔