اسلام آباد پولیس کے تھانہ کھنہ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 15 سال قبل کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے چوری ہونے والی قیمتی گاڑی برآمد کرلی۔
ٹویوٹا پراڈو گاڑی کو فیض آباد سے سوہان کی جانب جاتے ہوئے ناکے پر روکا گیا، جہاں پولیس نے مشکوک گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق، فیض آباد چیک پوسٹ سے سوہان کی سمت آنے والی گاڑی پر اسلام آباد کی نمبر پلیٹ CG-333 لگی ہوئی تھی، ڈرائیور کی جانب سے گاڑی کے ملکیتی دستاویزات پیش نہ کرنے پر پولیس نے مشکوک گاڑی کو قبضہ میں لیا۔
پولیس نے گاڑی کا فزیکل معائنہ کرایا تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ گاڑی دراصل تھانہ درخشاں کراچی کی حدود سے 15 سال قبل چوری شدہ ہے۔ مزید تفتیش میں گاڑی کا اصل رجسٹریشن نمبر BD-8950 سامنے آیا، جبکہ نمبر پلیٹ اور ملکیتی کاغذات جعلی پائے گئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ چوری شدہ گاڑیوں کے کسی ممکنہ نیٹ ورک یا گینگ کا سراغ لگایا جاسکے۔
پولیس کے مطابق، جدید ویریفیکیشن سسٹم اور مستعد ناکہ بندی کے باعث اس قیمتی گاڑی کی برآمدگی ممکن ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی قیمتی املاک کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔