حکومت خیبرپختونخوا نے کالجز کی نجکاری کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں میں طلبہ کی شمولیت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مختلف کالجز میں ایسے اساتذہ کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے طلبہ کو احتجاجی مظاہروں میں شامل ہونے کے لیے اکسایا اور انہیں نجکاری کے خلاف جاری تحریک میں استعمال کیا۔
حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث اساتذہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب صوبے کے مختلف کالجز میں اساتذہ کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ تدریسی عمل معطل ہے اور اساتذہ نے بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کالجز کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے اور ان کے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں۔