حب ریور روڈ اب کس اہم شخصیت کے نام سے منسوب کردی گئی؟

image

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شیرشاہ چوک پر منعقدہ تقریب میں شیرشاہ سے حب چوکی تک سابقہ حب ریور روڈ کو سرکاری طور پر "شاہراہِ مفتی محمود" کے نام سے منسوب کیے جانے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

تقریب میں جمعیت علمائے اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان، ضلع کیماڑی کے امیر قاضی فخر الحسن، جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، سٹی کونسل میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مفتی محمد خالد، چیئرمین قاضی امین الحق آزاد سمیت ایم پی اے آصف موسیٰ اور پی پی پی پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی سمیت جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے خطاب کیا جبکہ بڑی تعداد میں جے یو آئی کے رہنما و کارکنان شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میرے لیے یہ باعثِ اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں بطورِ میئر کراچی، ایک ایسی عظیم شخصیت کے نام سے منسوب شاہراہ کا افتتاح کر رہا ہوں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام، جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے وقف کردی۔ مولانا مفتی محمودؒ نہ صرف پاکستان کی سیاسی و دینی تاریخ کے درخشاں باب ہیں بلکہ وہ ایک ایسی مخلص قیادت کا استعارہ ہیں جنہوں نے کردار، علم اور بصیرت سے قوم کی رہنمائی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحہ بھی تاریخی اہمیت رکھتا ہے کہ مفتی محمودؒ نے اپنی زندگی کی آخری تاریخی تقریر بھی شیرشاہ میں کی تھی اور آج اُسی علاقے و مقام پر اُن کے نام سے منسوب شاہراہ کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہماری نسلوں پر لازم ہے کہ ایسی شخصیات کے افکار اور خدمات کو زندہ رکھیں جنہوں نے اصولوں اور نظریات پر سمجھوتہ کیے بغیر قوم کو اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا پیغام دیا۔مرتضٰی وہاب نے کہا یہ اکابرین ہمارے محسن ہیں، اُن کے کارناموں کو یاد رکھنا اور نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

جمعیت علمائے اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہِ مفتی محمودؒ کا نام محض ایک سڑک کا تعارف نہیں، بلکہ یہ کراچی کے تاریخی، فکری اور دینی تشخص میں ایک روشن اضافہ ہے۔ یہ اقدام اُن عظیم اکابرین کی خدمات کے اعتراف کا مظہر ہے جنہوں نے اس ملک کی فکری و نظری بنیادوں کو مضبوط کیا۔ میئر کراچی کا یہ فیصلہ خراجِ عقیدت کے ساتھ ساتھ ایک مثبت پیغام ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US