دیہی خواتین پنجاب کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، مریم نواز شریف

image

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دیہی خواتین کی محنت، قربانی اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں جو پنجاب کی زرخیز زمینوں کو لہلہاتے کھیتوں میں بدلتی ہیں، گھروں کو آباد رکھتی ہیں اور صوبے کی معیشت کو مستحکم بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرنے والی قوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کا مقصد دیہی خواتین کو صرف کسان نہیں بلکہ فیصلہ ساز، بااختیار اور معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے کیونکہ ایک خودکفیل اور خوشحال پنجاب دیہی خواتین کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب دیہی خواتین کے لیے متعدد پروگرامز متعارف کروا چکی ہے جن میں ہنرمندی کے کورسز، بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اسکیم اور تعلیمی اسکالرشپس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ کے ذریعے براہِ راست سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت دیہی خواتین کے لیے بنیادی مراکزِ صحت کو اپ گریڈ کر رہی ہے تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات حاصل ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ خود روزگار کے مواقع کے لیے مویشی اور اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے جبکہ حکومت دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US