پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں استحکام، وزیر خزانہ کا فچ سے اظہار تشکر

image

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو B- کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک دینے پر بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فِچ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے اپنے امریکی دورے کے دوران فچ حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، مالی استحکام اور جاری پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے تینوں بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندی میں ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے، ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے میں بہتری، نجکاری کے عمل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں شفافیت سے متعلق حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے، نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خزانہ نے فچ ٹیم کو چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجرا اور امریکا کے ساتھ جاری تجارتی و ٹیرف مذاکرات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے فچ ٹیم کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اصلاحاتی عمل کے تسلسل اور معیشت کے استحکام کے سفر کو بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US