فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہر پراکسی کو خاک میں ملادیں گے اور اپنی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو لینے نہیں دیں گے،فیلڈ مارشل نے بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کیلئے گنجائش نہیں ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ 152ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے اپنی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہتھیار دشمن کی جغرافیائی وسعت کے من گھڑت حفاظتی تصور کو ختم کر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بھارت کو پہنچنے والے فوجی و اقتصادی نقصانات اس کی توقعات سے کہیں زیادہ ہوں گے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بنیانِ مرصوص میں دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران پاکستان نے رافیل طیارے مار گرائے، ایس-400 سسٹمز کو نشانہ بنایا اور ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوںکا بھرپور مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور خود ساختہ شواہد پیش کیے تاکہ اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپایا جا سکے۔فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران جماعت دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے تاہم پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف واضح فتح حاصل کر کے عالمی برادری کا اعتماد جیتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن پاکستانی عوام اور افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن قوم اور فوج کے درمیان بندھن فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان آزادی اور عزت کے ساتھ کھڑا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھرا ہے۔انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا جبکہ ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل اور چین، امریکا و دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور امریکا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند پیش رفت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف کشمیر پر غیر متزلزل ہے اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے نمایاں سفارتی کردار ادا کیا ہے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پراکسی گروپس پر لگام ڈالے جو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کی غلط تشریح کرنے والے چند گمراہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔
آخر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اخلاقی قیادت کو اپنی پہچان بنائیں اور جعلی خبروں اور انفارمیشن ڈس آرڈر کے فریب میں نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم انشاءاللہ بلند رہے گا کیونکہ اس کے محافظ کبھی ناکام نہیں ہوتے۔
تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈز سے نوازا۔
پاس آؤٹ ہونے والوں میں 40 دوست ممالک کے کیڈٹس بھی شامل تھے، جن کا تعلق عراق، بنگلہ دیش، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا، مالی، مالدیپ، نائیجیریا اور یمن سے تھا۔