محکمہ اوقاف کی کارروائی، دارالمساکین کی جگہ فلاحی منصوبہ قائم کرنے کا فیصلہ

image

محکمہ اوقاف نے صوبائی دارالحکومت میں واقع تاریخی دارالمساکین کی عمارت خالی کروا کر سیل کر دی ہے۔ اندرونِ شہر میں موجود اس قدیم عمارت کو کرایہ داروں سے خالی کرا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی مشترکہ کوشش سے عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زمین کو ازسرِنو کارآمد بنانا اور اسے فلاحی منصوبوں کے لیے استعمال کرنا ہے۔

محکمہ اوقاف کے مطابق دارالمساکین کی عمارت کی جگہ ایک جدید تعمیراتی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس میں دستکاری سینٹر بھی شامل ہوگا تاکہ مقامی افراد کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مناسب حصہ دیا جائے گا تاکہ کسی کے حقوق متاثر نہ ہوں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تاریخی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے عصری تقاضوں کے مطابق فلاحی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

دارالمساکین پشاور کی ایک قدیم اور اہم سماجی عمارت تھی جو ماضی میں نادار اور بے سہارا افراد کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس میں دکانداروں اور کرایہ داروں نے جگہ گھیر لی تھی جس سے نہ صرف عمارت کی حالت بگڑ گئی بلکہ اس کا اصل مقصد بھی متاثر ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US