سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ 3-3 گول سے برابر

image

سلطان آف جوہر کپ 2025 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ میچ 3-3 گول سے برابر ہو گیا ہے۔

جمعے کو ملائیشیا کے شہر جوہر میں پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے دو گول  کیے جبکہ سیف اللہ نے ایک گول سکور کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹوبی ،آسکر اور لین نے ایک ایک گول سکور کیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں نے جونیئر ٹیم کو ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔​

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی جاری ایونٹ میں پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’جونیئر ورلڈ رینکنگ نمبر دو کی ٹیم اںڈیا اور نمبر آٹھ کی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ میچ برابر کھیلنا قابل ستائش ہے۔ ہماری جونیئر ہاکی ٹیم کا مورال بلند ہے۔ انشاء اللہ یہی جونیئر ٹیم بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابی حاصل کرے گی اور یہ جونیئر کھلاڑی قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔‘

اس سے قبل بدھ کو ایونٹ کے 13ویں میچ میں  نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا تھا جبکہ منگل کو روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔

11 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کُل چھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں پاکستان، انڈیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔

چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم پانچ پانچ میچز کھیلے گی۔

سلطان جوہر ہاکی کپ کا فائنل 18 اکتوبر کو ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US