لاہور کی کم عمر ماڈل رومیسہ سعید کے انتقال کی خبر نے سوشل میڈیا پر غم کی لہر دوڑا دی۔ رومیسہ سعید لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک ابھرتی ہوئی ماڈل تھیں، جو کم عمری میں ہی اپنی خوبصورتی، اعتماد اور فیشن فوٹو شُوٹس کی وجہ سے مشہور ہوگئی تھیں۔ انہوں نے مختلف برانڈز کے لیے ماڈلنگ کی اور خاص طور پر دلہن کے فوٹو شُوٹس کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد انسٹاگرام پر ان کے فیشن کیمپینز کو فالو کرتی تھی۔
چند روز قبل رومیسہ ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ لاہور میں ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں، ان کی گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی تھی۔ اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد کئی دنوں تک وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہیں، تاہم جمعرات کے روز وہ زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور انتقال کر گئیں۔
رومیسہ سعید کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ مداح، ساتھی ماڈلز اور دوست سب ہی ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہر کوئی ان کی اچانک موت پر دکھ اور حیرت کا اظہار کر رہا ہے۔
رومیسہ کے چاہنے والوں نے لکھا کہ موت زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہے، مگر کسی نوجوان کی اچانک موت دل کو جھنجھوڑ دیتی ہے۔ بہت سے لوگوں نے ان کے لیے دعا کی اور کہا کہ ایسے واقعات دوسروں کے لیے سبق بننے چاہییں تاکہ زندگی کی قدر کی جا سکے۔