کراچی چڑیا گھر کی رانو کہاں جائے گی؟ سندھ ہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کردیا

image

کراچی چڑیا گھر سے مادہ ریچھ رانو کی محفوظ پناہ گاہ منتقلی کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

تحریری حکم کے مطابق کے ایم سی سمیت متعلقہ اداروں نے اپنی رپورٹس عدالت میں جمع کروائیں جن میں بتایا گیا کہ حکومت سندھ نے رانو کی اسلام آباد منتقلی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے رانو کی جلد اور محفوظ منتقلی کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وائلڈ لائف کنزرویٹر جاوید مہر نے عدالت کو بتایا کہ رانو کو منتقلی کے لیے تیار کرنے کی غرض سے پنجرہ اس کے انکلوژر میں رکھا گیا ہے تاکہ وہ اس سے مانوس ہو سکے، ان کے مطابق رانو کو اسی پنجرے کے ذریعے خوراک لینے کا عادی بنایا جائے گا اور جب وہ اس سے مانوس ہو جائے گی تو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ منتقلی کے عمل میں کچھ مسائل کے باعث دو ہفتوں کی تاخیر ممکن ہے تاہم توقع ہے کہ مقررہ مدت میں رانو کو اسلام آباد منتقل کر دیا جائے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ صرف ایک جانور کا نہیں بلکہ چڑیا گھر میں قید سینکڑوں جانوروں کے حالاتِ زندگی سے متعلق ہے۔ عدالت نے سندھ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کی قید کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریری حکم کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی قائم کردہ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کراچی چڑیا گھر کا دورہ کرے۔ کمیٹی کے ساتھ درخواست گزار جوڈ ایلن پریرا، ڈاکٹر نذیر حسین ، سماجی کارکن جبران ناصر اور وائلڈ لائف فوٹوگرافر بھی شریک ہوں گے۔

کمیٹی چڑیا گھر میں موجود جانوروں کی تعداد، جسمانی و ذہنی صحت اور ان کی مجموعی حالت سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی۔ اگر جانوروں کی حالت غیر تسلی بخش پائی گئی تو ان کی بہتری یا قدرتی ماحول میں منتقلی کی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

عدالت نے کے ایم سی کو جانوروں کے ڈاکٹرز کی تعیناتی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر زو نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی بھرتی پر پابندی عائد ہے جس پر عدالت نے بھرتی پر پابندی کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیا۔

تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک اہم قومی معاملہ ہے جس میں وفاقی حکومت کی شمولیت بھی ضروری ہو سکتی ہے۔ عدالت نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی سے رابطے کے لیے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US