محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں تدریسی عملے کے تمام تبادلوں اور نئی تعیناتیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کی۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کے دوران صرف چند مخصوص نوعیت کے تبادلوں یا ایڈجسٹمنٹ کی اجازت ہوگی۔
خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تقرریاں، ترقی حاصل کرنے پر نئی تعیناتی، عدالتی احکامات کے مطابق کیسز اور تبادلوں کے منتظر اساتذہ مذکورہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم ای-پوسٹنگ ٹرانسفر پالیسی متعارف کرانے جا رہا ہے جس کے تحت ایک علیحدہ آن لائن پورٹل قائم کیا جائے گا۔ یہ پورٹل صرف گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات کے دوران تبادلوں کے لیے فعال ہوگا تاکہ تبادلے شفاف اور منظم انداز میں کیے جا سکیں۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور غیر ضروری تبادلوں کو محدود کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی کارکردگی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔