پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز، پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 333 رنز پر آؤٹ

image

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم 333 رنز پر آؤٹ ہو گئی ہے۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے اننگز کا آغاز 259 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو اس وقت سعود شکیل اور آغا سلمان بالترتیب 42 اور 10 رنز کے ساتھ کریز پرموجود تھے۔

دونوں بلے باز اننگز کو آگے بڑھاتے رہے، سعود شکیل نے نصف سینچری بھی مکمل کی تاہم سلمان آغا 45 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اس کے تھوڑی دیر بعد سعود شکیل بھی 66 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد آنے والوں میں سے کوئی بھی بلے باز ٹک نہ سکا۔ شاہین آفریدی صفر، ساجد خان چار اور آصف آفریدی پانچ رنز ہی بنا پائے، ان کو مہاراج نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نعمان علی چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشوو مہاراج نے سات وکٹیں لیں جبکہ سائمن ہارمر نے ایک اور ربادا نے ایک وکٹ لی۔

پہلے روز کا کھیل

پیر کو پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور دن کے اختتام تک پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پ  259 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے محتاط آغاز کے باوجود امام الحق زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 17 کے سکور پر بولڈ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے شان مسعود اور عبداللہ شفیق ذمہ دارانہ طور پر آگے بڑھتے رہے اور نصف سینچریز کرنے میں کامیاب رہے تاہم یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب عبداللہ شفیق 57 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد آنے والے بابر اعظم صرف 16 رنز ہی بنا پائے جبکہ ان کے بعد سعود شکیل بیٹنگ کے لیے آئے۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے اور سینچری بنانے کے قریب ہی تھے کہ کیشو مہاراج کی گیند پر 87 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 

شان مسعود کی وکٹ کے بعد محمد رضوان نے کریز سنبھالی لیکن وہ زیادہ دیر تک میدان میں موجود نہ رہ سکے اور 19 رنز بنا کر کگیسو ربادا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر اور کیشو مہاراج نے دو، دو جبکہ کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس ایونٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کو ڈراپ کرتے ہوئے آصف آفریدی کو موقع دیا گیا ہے۔

اس سے قبل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

پاکستانی پلیئنگ الیون

پاکستان کی جانب سے میدان میں اترنے والی ٹیم میں ٹیم شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، آصف آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

جنوبی افریقن ٹیم

مہمان ٹیم ایڈم مارکرم (کپتان)، ریان رکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویریین، سینوران متھوسوامے، مارکو جینسن، سمن ہارمر، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا پر مشتمل ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US