بلوچستان: کوسٹ گارڈ کی چیکنگ میں تاخیر سے بچے کا انتقال، وزیراعلیٰ کا نوٹس

image

بلوچستان کےضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں قومی شاہراہ پر کوسٹ گارڈ کی چیکنگ کے دوران تاخیر کے دوران بچہ انتقال کرگیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں خاتون بچے کے ساتھ بیٹھی ہے، جو بتا رہی ہے کہ اس کا بچہ چیکنگ میں تاخیر اور جانے کی اجازت نہ ملنے کے باعث دم توڑ گیا ہے۔

واقعہ کےخلاف لواحقین نے کوئیٹہ کراچی مین قومی شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کمشنر قلات ڈویژن کو انکوائری کرکے حقائق پر مبنی رپورٹ فوری پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے ساتھ غیر انسانی رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ذمہ داری ہے، وفاقی اداروں سے رابطے میں ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ سے کراچی سفر کرنے والے مسافر بسوں کی عرصے سے شکایت رہی ہے کہ انہیں چیکنگ کے نام پر گھنٹوں روکا جاتا ہے، جس سے نہ صرف ان کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ ان کے خرچوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US