برطانیہ میں غلطی سے رہا کیا گیا قیدی دوبارہ کیسے پکڑا گیا؟

image

برطانوی پولیس نے دو روز قبل غلطی سے رہا کیے گئے قیدی کو کافی تلاش کے بعد آخرکار دوبارہ گرفتار کرلیا۔

العربیہ کے مطابق جنسی جرائم میں سزا یافتہ حدوش کیباٹو کو اتوار کی صبح شمالی لندن میں گرفتار کرلیا گیا جب اسے دو دن قبل غلطی سے جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ یہ ملک کی تاریخ میں ایک غیر معمولی واقعہ ہے لیکن یہ جیل انتظامیہ میں ایک ممکنہ کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے۔

کیباٹو، جو ایک سابق پناہ گزین درخواست گزار ہے، کو گزشتہ جمعہ کو برطانیہ سے ملک بدر کرنے کی تیاری کے لیے ایک تارکین وطن حراستی مرکز میں بھیجا جانا تھا لیکن جیل انتظامیہ نے غلطی سے اسے رہا کر دیا۔

برطانوی پریس رپورٹس اور پولیس کے ایک بیان جسے العربیہ ڈاٹ نیٹ نے دیکھا ہے، کے مطابق کیباٹو کو اتوار کی صبح شمالی لندن کے فنسبری پارک علاقے میں گرفتار کیا گیا جب ایک راہگیر نے اسے ایک بس اسٹیشن پر دیکھا اور پولیس کو فون کردیا۔ پولیس نے علاقے کی تلاشی کے لیے افسران کو بھیج دیا اور اس طرح کیباٹو کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزیر اعظم کیر سٹارمر نے کہا ہے حدوش کیباٹو کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران نے تیزی سے کام کیا اور اسے دوبارہ حراست میں لینے کے لیے محنت کی۔ ہم نے واقعے کے حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔

ایتھوپیائی شہری کیباٹو برطانیہ میں سب سے زیادہ بدنام جنسی مجرموں میں سے ایک بن گیا جب اس کے جرائم کی رپورٹس کے بعد ایبنگ کے بیل ہوٹل میں احتجاج ہوگیا تھا۔ اس ہوٹل میں وہ ایک چھوٹی کشتی پر برطانیہ پہنچنے کے بعد پناہ حاصل کرنے کے دوران رہ رہا تھا۔ دو دن کی تلاش کے باوجود رپورٹس میں بتایا گیا کہ کیباٹو نے غلطی کا علم ہونے پر خود ہی جیل واپس جانے کی کوشش کی لیکن اسے بار بار واپس بھیج دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US