وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کا آغاز کیا، جس نے کشمیری عوام کو دہائیوں پر محیط ظلم، جبر اور محرومی میں مبتلا کر دیا۔
اپنے پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کا عزم آج بھی قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزادی کی قیمت جاننی ہو تو کشمیریوں سے پوچھیں جو نسل در نسل بھارتی تسلط کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، جبکہ5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات نے بھارتی عزائم کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور عالمی برادری کو اس کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے زور دیا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کا درد ہمارا قومی فریضہ ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد نہ صرف ان کے حقِ خودارادیت کی علامت ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کی بھی ضامن ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کی جدوجہدِ آزادی میں ہر سطح پر ان کی حمایت کرتا رہے گا۔