انڈین کرکٹر شریاس آئیر پسلی میں چوٹ لگنے سے آئی سی یو میں زیرعلاج

image

انڈین کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شریاس آئیر پسلی کے زخم کے باعث سڈنی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق نائب کپتان آئی سی یو میں زیرِ نگرانی ہیں البتہ ان کی حالت مستحکم ہے تاہم ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’شریاس آئیر کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے وقت بائیں پسلیوں کے نچلے حصے پر چوٹ لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سکین سے معلوم ہوا ہے کہ انہیں تلی پر چوٹ آئی ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’وہ طبی ماہرین کی نگرانی میں ہیں، حالت مستحکم ہے اور صحت یابی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ بی سی سی آئی کا میڈیکل سٹاف، سڈنی اور انڈیا کے ماہر ڈاکٹروں کے مشورے سے ان کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔ ٹیم کے معالج بھی سڈنی میں ہی شریاس کے ساتھ موجود ہیں تاکہ روزانہ کی بنیاد پر ان کی صحت کا جائزہ لے سکیں۔‘

شریاس آئیر کو یہ چوٹ اس وقت لگی جب انہوں نے پوائنٹ پوزیشن سے پیچھے دوڑتے ہوئے الیکس کیری کا کیچ پکڑا۔ گیند ہاتھ میں آنے کے فوراً بعد وہ پسلیوں کے بل زمین پر گرے پھر فوری اٹھے اور طبی امداد کی درخواست کی۔ اس کے بعد انہیں فوراً میدان سے باہر لے جایا گیا اور پھر وہ دوبارہ کھیل کا حصہ نہیں بن سکے۔

میچ کے دوران بی سی سی آئی نے ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ شریاس آئیر کو تفصیلی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ وہ کب دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آ سکیں گے۔

بی سی سی آئی کا ایک میڈیکل اہلکار سڈنی میں ان کے ہمراہ موجود ہے جبکہ دیگر ون ڈے کھلاڑی اتوار کو وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹی20 سکواڈ کے کھلاڑی کینبرا پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے پیر کو پہلا تربیتی سیشن کیا۔

انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ون ڈے نو وکٹوں سے جیت لیا تھا، تاہم تین میچوں کی سیریز میں 1-2 سے آسٹریلیا کی برتری رہی۔

انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی20 سیریز 29 اکتوبر سے کینبرا میں شروع ہوگی جب کہ دیگر میچز میلبورن اور ہوبرٹ میں کھیلے جائیں گے۔

شریاس آئیر ٹی20 سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، تاہم انڈیا کی اگلی ون ڈے سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف 30 نومبر کو رانچی میں شروع ہوگی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US