تین ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی ہے۔منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 195 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ صائم ایوب نے 37 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی کارکردگی دکھائی اور 36 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار اور جارج لنڈے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ٹھیک ثابت نہ ہوا۔ اور جنوبی افریقہ کی ٹیم مڈل آرڈر کی ناکامی کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پروٹیز کی جانب سے ریزا ہنڈریکس نے 60 اور جارج لنڈے نے 36 رنز بنائیں۔گرین شرٹس کی جانب سے محمد نواز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین اور صائم ایوب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی اننگز
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے پانچ اوورز تک بغیر کسی نقصان کے رنز بنائے۔ پاکستان کو پہلا نقصان 31 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر صاحبزادہ کی صورت میں ہوا، وہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک لمبے عرصے بعد کم بیک کرنے والے بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹے۔
صائم ایوب 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں چار چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ کپتان سلمان علی آغا دو، عثمان خان 12، حسن نواز تین اور فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شائد پاکستان 100 رنز بھی نہ بنا پائے لیکن میچ میں عمدہ بولنگ کرنے والے محمد نواز نے بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 20 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ وہ 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر کیچ تھما بیٹھے اور یوں پاکستان کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔
جنوبی افریقہ کی اننگز
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈرکس 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ کوئنٹن ڈی کاک نے 23، ٹونی ڈی زورزی 33، ڈیوالڈ بریوس نے 9، میتھیو بریٹزکے ایک، ڈونون فریرا 10، جارج لنڈے 36، کربن بوش سات، لیزاڈ ولیمز تین رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ ناندری برگر بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، صائم ایوب نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
صائم ایوب 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی پلیئنگ الیونپاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا(کپتان)، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیونجنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ڈونوون فریرا (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، میتھیو بریزکے، جارج لیندسے، کارٹن بوش، لزاڈ ولیمز، ناندرے برگر اور لنگی ندیدی پر مشتمل ہے۔