ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی پر فرد جرم عائد کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے دونوں پر فرد جرم عائد کی جس پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے استغاثہ کے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
عدالت نے ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ اس موقع پر ہادی علی نے کہا کہ وہ مچلکے جمع نہیں کرائیں گے اگر جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔ ایمان مزاری نے بھی کہا کہ اگر ہمیں گرفتار کرنا ہے تو میری ضمانت بھی منسوخ کر دیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف مقدمہ این سی سی آئی اے نے درج کر رکھا ہے۔