وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان کے رائل منسٹر جنرل سلطان بن محمد ال نعمانی سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پاکستانی شہریوں کے ویزا مسائل اور تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور پاکستان،عمان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور عمان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان میں لاکھوں پاکستانی محنت کش برسرِ روزگار ہیں جو دونوں ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ویزا پالیسی میں آسانیوں سے مزید ہنرمند پاکستانی عمان جا سکیں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
عمانی رائل منسٹر جنرل سلطان بن محمد ال نعمانی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات باہمی اعتماد اور برادری پر مبنی ہیں، اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعلقات کے مزید استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔