کراچی میں ای چالان کا نیا ریکارڈ! 72 گھنٹوں میں 13 ہزار سے زائد چالان

image

شہرِ قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان مہم کے تیسرے روز بھی کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 979 شہریوں کو ای چالان جاری کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے جن کی تعداد 3 ہزار 258 رہی اسی طرح بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1 ہزار 294، تیز رفتاری پر 655، اور لال سگنل توڑنے پر 357 شہریوں کو چالان کیے گئے۔

مزید برآں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 216، رانگ وے پر آنے پر 42، کالے شیشے والی گاڑیوں پر 26، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 10، مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر 7 اور ون وے کی خلاف ورزی پر 11 چالان کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق پہلے روز 6 گھنٹوں میں 2 ہزار 622، دوسرے روز 4 ہزار 301 اور تیسرے روز 5 ہزار 979 چالان کیے گئے جس کے بعد تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 12 ہزار 942 شہریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور حادثات میں کمی لانے کے لیے ای چالان سسٹم کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ باندھیں، ہیلمٹ پہنیں، موبائل فون کا استعمال ترک کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور عوامی تحفظ برقرار رکھا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US