ڈیجیٹل اصلاحات سے ٹیکس فراڈ ناممکن، وزیراعظم کا ایف بی آر کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں ایف بی آر اصلاحات پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کی بدولت اب ٹیکس فراڈ تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو واشنگٹن میں ہونے والی سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شرکت اور وہاں پیش کی گئی اصلاحاتی کیس اسٹڈی کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کے ذیلی ادارے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں جدید ڈیجیٹل اصلاحات نافذ کی جا چکی ہیں جن میں آڈٹ والٹ، ڈیٹا بیس پروٹیکشن وال، سیکیورٹی آپریشن سینٹر اور ڈیٹا بیس کی مسلسل نگرانی جیسے جدید اور محفوظ نظام شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت اگر کوئی صارف کسی معلومات میں تبدیلی کرے تو اس کا آئی پی ایڈریس خودکار طور پر ریکارڈ ہو جاتا ہے جس سے ٹیکس فراڈ کے امکانات مکمل طور پر ختم ہو گئے ہیں۔

اجلاس میں 19-2018 کے سیلز ٹیکس فراڈ سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ماضی میں پرال کے پرانے نظام کی وجہ سے فراڈ ممکن ہوا تاہم اب جدید ڈیجیٹل اصلاحات کے بعد ایسی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت، ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ عوامی اعتماد کی بحالی اور ریونیو نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US