"میری بیوی کی اپنی پسند ناپسند ہے، اس کی اپنی شخصیت اور اپنی ترجیحات ہیں۔ وہ چاہتی ہی نہیں کہ سامنے آئے۔ شروع میں وہ چند پروگرامز میں میرے ساتھ گئی تھی، لیکن پھر اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس دنیا سے دور ہی رہے۔"
شو بز کی روشنیوں میں رہنے والے اکثر چہروں کی ذاتی زندگی ہمیشہ عوام کی نظروں میں رہتی ہے۔ مگر کچھ فنکار ایسے بھی ہیں جو اپنی نجی دنیا کو اس glamour اور توجہ سے دور رکھتے ہیں۔ ساحر لودھی ان چند ناموں میں شامل ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنی فیملی کو میڈیا کی چکاچوند سے محفوظ رکھا۔ ریڈیو سے ٹی وی تک اور پھر فلم کی دنیا تک، ساحر لودھی نے دو دہائیوں پر محیط کامیاب سفر طے کیا۔ صبح کے شو سے شہرت ملی، فلم بنائی، انکروں کی دنیا میں مقام بنایا، مگر ان سب کے باوجود اُن کی نجی زندگی پردے کے پیچھے ہی رہی۔
مداح ہمیشہ حیران رہے کہ آخر ساحر لودھی کی اہلیہ کبھی کسی شو یا ایونٹ میں کیوں نظر نہیں آتیں؟ یہاں تک کہ جب وہ خود مارننگ شو کی میزبانی کرتے تھے تب بھی ان کی اہلیہ نے اسکرین پر آنے سے گریز کیا۔ اب ایک گفتگو میں ساحر نے وہ راز بتا دیا جس نے ان کے چاہنے والوں کی تجسس بھری کیفیت ختم کر دی۔
ساحر کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ روشن خیال ہونے کے باوجود میڈیا لائم لائٹ سے دور رہنا پسند کرتی ہیں۔ وہ شوبز کی دنیا کو پسند نہیں کرتیں اور اپنی پرسکون، نجی زندگی کو ترجیح دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدا میں چند ایونٹس میں شریک ہونے کے بعد انہوں نے خاموشی سے پردے کے پیچھے رہنے کا فیصلہ کیا۔
ایک ماڈرن شوبز لائف کے باوجود، ساحر لودھی کا اپنی بیوی کی پسند کا احترام کرنا اور اسے وہی زندگی گزارنے دینا جس میں وہ خوش ہے، ایک خوبصورت مثال ہے۔ ایسے دور میں جب شہرت کے لیے ہر حد پار کی جاتی ہے، خاندان کو تحفظ دینا شاید حقیقی کامیابی کہلائے۔