"میں ماں نہیں، دادی بنی ہوں"
پاکستان کی مشہور لوک گلوکارہ نصیبو لال نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو واضح پیغام دیا۔
نصیبو لال نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:
"الحمداللہ! میں ماں نہیں بلکہ دادی بنی ہوں، سب کی دعاؤں اور محبتوں کا شکریہ۔"
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں تیزی سے پھیل رہی تھیں کہ 55 سالہ نصیبو لال کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ کچھ صارفین نے تو یہاں تک دعویٰ کیا کہ انہوں نے گلوکارہ کو ہسپتال کے گائناکالوجی وارڈ میں دیکھا۔
یہ معاملہ اُس وقت مزید پُراسرار بن گیا جب صحافی مرتضیٰ علی شاہ کی جانب سے ایک رپورٹ سامنے آئی، جس میں کہا گیا کہ نصیبو لال کے شوہر نوید حسین نے بچے کی پیدائش کی تصدیق کی ہے۔
چند ہی گھنٹوں میں نصیبو لال اور ان کے شوہر کی ایک تصویر نومولود بچے کے ساتھ وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر مداحوں اور صارفین میں چہ مگوئیاں بڑھ گئیں۔
تاہم گلوکارہ نے خود میدان میں آکر تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔ انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ وہ دادی بنی ہیں، ماں نہیں۔
نصیبو لال کی یہ وضاحت سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، اور مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔