دل کا دورہ کیوں پڑا؟ انجیوگرافی سے گزرنے والی صبا قمر پہلی بار بیماری سے متعلق بول پڑیں

image

"میں سمجھتی تھی کہ میں بہت مضبوط ہوں، لیکن دل نے بتا دیا کہ درد دبا کر رکھنا ممکن نہیں"

پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے پہلی بار اپنی دل دہلا دینے والی صحت کی جدوجہد کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران صبا قمر نے بتایا کہ ذہنی دباؤ نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا، حتیٰ کہ انہیں دل میں تکلیف ہوئی اور انجیوگرافی تک کروانی پڑی۔

اداکارہ نے اپنے تجربے کے بارے میں کہا:

"ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بہت مضبوط ہیں، مگر جب دل اور دماغ میں جمع درد ایک حد سے بڑھ جائے تو وہ جسم پر اثر ڈالنا شروع کر دیتا ہے۔ میں نے خود محسوس کیا کہ جو دکھ اور دباؤ ہم دبا دیتے ہیں، وہ کسی نہ کسی طرح واپس لوٹ آتا ہے. کبھی گھبراہٹ کی صورت میں، کبھی دل کے درد کی شکل میں۔"

صبا قمر نے بتایا کہ وہ ہمیشہ دوسروں سے سنتی آئی تھیں کہ لوگوں کو پینک اٹیک یا اینزائٹی کے دورے پڑتے ہیں، مگر جب خود اس مرحلے سے گزریں تو اندازہ ہوا کہ یہ کیسی ناقابلِ برداشت کیفیت ہوتی ہے۔

ان کے مطابق کچھ عرصہ قبل انہیں ہلکا دل کا دورہ (mild heart attack) ہوا، جس کے اگلے دن انجیوگرافی کی گئی۔ خوش قسمتی سے وہ اب کافی بہتر ہیں، تاہم اس تجربے نے ان کی زندگی کا زاویہ بدل دیا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ نوجوانی میں دل کے دورے کی 20 وجوہات ہوسکتی ہیں، اور ان میں سے اکثر کا تعلق جسمانی نہیں بلکہ ذہنی دباؤ سے ہوتا ہے۔

"لوگ سمجھتے ہیں کہ دل کا مسئلہ صرف کولیسٹرول سے ہوتا ہے، مگر سچ یہ ہے کہ جب انسان درد کو اندر دبا کر رکھتا ہے تو وہ دل پر اثر ڈالتا ہے۔"

صبا قمر نے کہا کہ جب وہ اپنی کیفیت بیان کرنے کی کوشش کرتی تھیں تو اکثر لوگ طنزیہ انداز میں کہتے،

"تمہیں کیا تکلیف ہو سکتی ہے؟ تمہارے پاس تو سب کچھ ہے۔"

لیکن ان کے مطابق، ذہنی دباؤ اور بیماری کا تعلق دولت یا شہرت سے نہیں ہوتا۔

اداکارہ نے زور دیا کہ ہمیں ذہنی صحت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے کیونکہ بہت سی جسمانی بیماریاں اسی دباؤ کا نتیجہ ہوتی ہیں۔

"میں نے اب فیصلہ کر لیا ہے کہ کسی کو بھی خود پر حاوی نہیں ہونے دوں گی، اور اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کو سب سے اوپر رکھوں گی۔"

یاد رہے کہ اگست 2024 میں شوٹنگ کے دوران صبا قمر دل میں تکلیف کے باعث بے ہوش ہوگئی تھیں، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور انجیوگرافی کی گئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US